یورپی یونین نے پناہ کی درخواستیں روکنے کیلئے 7 ’محفوظ ممالک‘ کی فہرست جاری کر دی

فہرست میں بنگلہ دیش، بھارت، کوسوو، کولمبیا، مصر، مراکش اور تیونس شامل، ساتوں ملکوں کے شہریوں کا پناہ حاصل کرنا مشکل ہوگا، حکام

پولیٹیکل رپورٹر نوائے وقت

برسلز: یورپی یونین نےان 7 ممالک کی فہرست جاری کی ہے، جنہیں وہ ’محفوظ‘ سمجھتا ہے، تاکہ تارکین وطن کی واپسی میں تیزی لائی جا سکے، اور ان ممالک کے شہریوں کے لیے بلاک میں پناہ حاصل کرنا مشکل ہو جائے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں کوسوو، بنگلہ دیش، کولمبیا، مصر، بھارت، مراکش اور تیونس شامل ہیں، تاہم یورپی یونین کے لیے ضروری ہے کہ اس اقدام کے نفاذ سے قبل بلاک کی پارلیمنٹ اور ارکان کی منظوری لی جائے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بننے والے اس اقدام سے یورپی یونین کی حکومتوں کو ان ممالک کے شہریوں کی جانب سے دائر کی جانے والی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر تیزی سے کارروائی کرنے کا موقع ملے گا۔

یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرت میگنس برنر کا کہنا ہے کہ ’بہت سے رکن ممالک کو پناہ کی درخواستوں کے ایک بڑے بیک لاگ کا سامنا ہے، لہذا ہم سیاسی پناہ کے فیصلوں میں تیزی لانے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں، یہ بہت ضروری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *