قیصر منظور چوہدری نوائے وقت
ریاض:سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام سے کہا ہے کہ حج کے لیے پرمٹ کا حصول لازمی ہے۔ پرمٹ کے حصول کے لئے یونیفائیڈ پورٹل ’تصریح‘ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے امسال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہش مندوں سے درخواست کی گئی ہے کہ حج امور کو بہتر بنانے اور دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حج پرمٹ کی شرط عائد کی گئی ہے تاکہ حج کے دوران مشکلات سے بچا جاسکے۔
وزارت حج کے مطابق حج ویزے کے علاوہ کسی قسم کے ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جن افراد کے پاس حج پرمٹ نہیں ہوگا ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزارت حج نے فرضی حج اداروں کے حوالے سے جعل سازوں سے بھی ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر حج کے حوالے سے فرضی کمپنیوں کے ناموں سے جعل سازوں سے خبردار رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچ سکیں۔