شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت
لاہور : حکومت پاکستان وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کا عالمی یومِ مزدور پر مسلم لیگ (ن) کا تاریخی ورکرز کنونشن
مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کا اعلان
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ اور صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر کی خصوصی شرکت
عالمی یومِ مزدور کے موقع پر الحمرا ہال لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر، ایم این اے شمائلہ رانا ،
صدر لیبر ونگ مسلم لیگ (ن) سید محمد مشتاق حسین، سیکرٹری جنرل چوہدری سجاد احمد اور پنجاب بھر سے لیبر ونگ کے عہدیداران و مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) مزدور دوست جماعت ہے، ہماری اولین ترجیح محنت کش طبقے کو خوشحال دیکھنا ہے۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کے شاندار منصوبوں پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آ بادی کے لحاظ سے پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اور اسکی لیبر بھی بہت زیادہ ہے تاہم پنجاب حکومت کے اقدامات کو دیکھ کر امید قائم کی جاسکتی ہے کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ صحیح معنوں میں یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے غزہ ، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم کے خاتمہ کے لیے خصوصی دعاء کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو تمہاری آنکھیں نکال لیں گے ۔ ہر پاکستانی اپنی افواج کے ساتھ ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔