نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتیکے لیے پُرامن احتجاجی مظاہرہ

پاکستانی مسیحی برادری اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی میڈیا سے گفتگو

شہزادہ عالمگیر/ روہیل اکبر نوائے وقت

لاہور:ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی قیادت میں نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی۔
بھارت کے منفی بیانیے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی قیادت میں نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے سامنے سڑک پر ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مظاہرے کا مقصد پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار اور بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کرنا تھا۔ احتجاج سے قبل نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں سنڈے عبادت کے دوران پاکستان کی سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر مسیحی برادری نے دعا کی کہ پاکستان ہر محاذ پر کامیاب ہو اور پاک فوج کو دشمن کی ہر سازش سے محفوظ رکھا جائے۔
بعد ازاں شرکاء نے ایک ریلی کی صورت میں نولکھا چرچ سے لاہور پریس کلب اور پھر پنجاب اسمبلی تک پُرامن واک کا انعقاد کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج کو سلام”، اور “بھارت کا جھوٹا بیانیہ نامنظور” جیسے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سازشوں اور جھوٹے بیانیے کا سہارا لیا ہے، لیکن پاکستانی قوم بالخصوص اقلیتیں اپنی سرزمین کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا اور ریاستی ادارے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن پاکستان میں تمام مذاہب اور اقوام افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد اور فخر کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری عبادات، دعائیں اور جذبات سب پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
اس پرجوش مظاہرے میں نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان سے منسلک تمام کلیسیاؤں نے شرکت کی۔ ہر کلیسیا میں اتوار کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *