ساہیوال میں ریلی: میاں خالد صدیق کامیانہ کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

رانا وحید، زین طاہر چوہدری، علمدار حسین زیدی،نوائے وقت

ساہیوال : سیاسی و سماجی رہنما میاں خالد صدیق کامیانہ کی قیادت میں پاک افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ساہیوال میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز میاں خالد صدیق کامیانہ کے ڈیرے فتح شیر روڈ سے ہوا، جہاں سے سیکڑوں کارکنان اور شہریوں کا ایک عظیم الشان قافلہ ان کے ہمراہ روانہ ہوا۔ ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی جوگی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعروں کی گونج میں سبز ہلالی پرچم لہرائے اور ملکی دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔ میاں خالد صدیق کامیانہ نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی محافظ ہے اور ہم ان شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، جس میں سیاسی، سماجی، صحافتی اور عوامی حلقوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے دوران میاں خالد صدیق کامیانہ کی قیادت اور ان کی پاکستان سے غیر متزلزل محبت کو سراہا گیا۔ اس عظیم الشان ریلی کا مقصد دشمن ممالک کو واضح پیغام دینا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے متحد ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *