قیصر منظور چوہدری نوائے وقت
ریاض:سعودی عرب کی امریکہ میں سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ ریاض کے موقع پر سعودی ڈیزائنر ہنیدہ صیرافی کا تیارکردہ خصوصی لباس زیب تن کیا۔
رائل بلیو رنگ کے لمبےعبایا پر نفیس سنہری کڑھائی کی گئی تھی۔ یہ کڑھائی عبایا کے فرنٹ اور بازوؤں پر برابر انداز میں کی گئی تھی جبکہ عبایا کے نیچے والے حصے پر چھوٹے چھوٹے سنہری نقش بنے ہوئے تھے۔ شہزادی ریما نے نیلے رنگ کا سکارف بھی پہنا تھا۔
ہنیدہ صیرافی جو فیشن برانڈ ’ہنیدہ‘ کی بانی ہیں، نے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’مجھے بے حد خوشی اور فخر ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر جو امریکہ میں ہماری باوقار سعودی سفیر ہیں، طاقت، ترقی اور لیڈرشپ کی علامت کے طور پر سامنے آئیں۔ وہ اُن پہلی خواتین میں سے ہیں جنہوں نے رکاوٹیں توڑیں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی جدوجہد کی قیادت کی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ایک خاص لمحہ ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے تاریخی دورۂ ریاض پر ان کا استقبال کرتے ہوئے زبردست نظر آئیں اور اس اہم موقع کے لیے ’ہنیدہ‘ کا تیار کردہ خاص لباس زیب تن کیا۔ میں جلد ہی اس ڈیزائن کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیل سے بات کرنے کی منتظر ہوں۔‘
صیرافی مشرقِ وسطیٰ اور دنیا بھر کی مشہور شخصیات کے لباس تیار کر چکی ہیں۔ ان کے ڈیزائن پہننے والی معروف شخصیات میں پرینکا چوپڑا، لوپیٹا نیونگو اور اردن کی شہزادی رجوا الحسین شامل ہیں۔