’زلزلے سے کمزور ہونے والی دیوار‘ توڑ کر 216 سے زائد قیدی فرار

خادم حسین نوائے وقت ،ڈان ٹی وی رپورٹ

کراچی: ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے گزشتہ شب 216 قیدیوں کے فرار کا واقعہ پیش آیا جسے ملک کے جیل سکیورٹی نظام کی بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔
فرار کے دوران قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں ایف سی اور پولیس کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک قیدی کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات علی حسن زرداری کے مطابق ’216 قیدی فرار ہوئے ہیں، 78 کو اب تک گرفتار کرلیا گیا ہے اور 138 کی تلاش جاری ہے۔ دیگر قیدیوں کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی، سرچ آپریشن اور انٹیلی جنس نگرانی کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل خانہ جات حسن سہتو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس وقت جیل میں تقریباً چھ ہزار قیدی موجود ہیں۔ ’زلزلے کے بعد قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور انہوں نے نہ صرف دیوار توڑی بلکہ تالے بھی توڑنے کی کوشش کی۔‘

کراچی میں گذشتہ 48 گھنٹوں میں 11 بار زلزلے محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے بعد قیدیوں کو حفاظتی طور پر بیرکوں سے باہر منتقل کیا گیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے دیوار کو دھکا دے کر توڑ دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *