80 فیصد پلانٹس بند،حبیب آباد شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت

پتوکی/حبیب آباد:حبیب آباد شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں قائم فلٹر پلانٹس میں سے تقریباً 80 فیصد طویل عرصے سے بند پڑے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو پینے کے صاف پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں نئی منڈی، جنازگاہ روڈ، کرم آباد، ٹبی اور وسطی شامل ہیں جہاں کے مکین صاف پانی کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مجبوری کے تحت انہیں غیر معیاری اور مضرِ صحت پانی استعمال کرنا پڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔عوامی حلقوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان فلٹر پلانٹس کو دوبارہ فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ان کی بنیادی ضرورت صاف پانی مہیا ہو سکے۔ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر متعلقہ حکام نے بروقت اقدامات نہ کیے تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، محکمہ بلدیات اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے تاکہ حبیب آباد کے مکینوں کو اس سنگین بحران سے نکالا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *