رانا وحید نوائے وقت
لاہور : نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عید ملن پارٹی کا انعقاد
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت
مختلف مکاتب فکر کے علماء اور مذہبی رہنماؤں کی شرکت
شرکاء کی آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کے حق میں نعرے بازی
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے تقریب کی میزبانی کی
لاہور میں قائم نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک شاندار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں، علماء، سماجی شخصیات اور حکومتی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ تھے۔ تقریب کا مقصد معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینا تھا۔ عید ملن پارٹی میں تمام شرکاء نے ایک ساتھ بیٹھ کر عید کی خوشیاں بانٹیں جو اتحاد، یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال تھی۔ تقریب میں خاص طور پر پاک فوج کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر نعرے بازی کی گئی۔ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان ہمیشہ سے مختلف مذاہب کے درمیان محبت، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتا آیا ہے۔ ہم سب کو مل کر ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کرنی ہے جہاں رنگ، نسل یا مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ ہو۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں بین المذاہب ہم آہنگی سرفہرست ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر مذہب کے ماننے والے افراد خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کریں۔ نولکھا پریسبیٹیرین چرچ کی خدمات، خصوصاً انٹرفیتھ ہارمنی کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ ایسے اقدامات پاکستان کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ چئیر مین کل مسالک بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں ہر تہوار کو منانے کی رسم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ڈاکٹر مجید ایبل کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب سے دیگر مقررین جاوید ولیم (سربراہ فیسز آف پاکستان) مفتی عاشق حسین، رمضان سیالوی (خطیب داتا دربار)، جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، پروفیسر سید محمود غزنوی، بشپ سنگھ بیدی اور دیگر شامل تھے، نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے مذہبی رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ضرورت پر زور دیا اور ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر ایک پرامن، متحد اور برداشت پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب کے آخر میں پاکستان میں امن، ترقی، خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔