شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور: سپورٹس بورڈ پنجاب اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے مابین کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹس آفیشلز کی جدید تربیت کے لیے ایم او یو کی تقریب پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوئی، صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر تقریب کے مہمان خصوصی تھے،اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب پنجاب محمد علی بھی موجود تھے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے درمیان ایم او یو پر ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈین آف ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر اعجاز اصغر نے دستخط کیے جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی اور وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹر شہزاد علی خان نے دستخط کے بعد دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم او یو کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی میں بہتری کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے ماہرین کی تربیت سے فٹنس کے متعلق مسائل کا خاتمہ ہوگا اور کوچز کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی، ایم او یو کے تحت پنجاب میں سپورٹس سکول کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف سپورٹس سائنسز پنجاب کو سپورٹس سکول اور ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے گا، پہلی مرتبہ سپورٹس ریسرچ پر باقاعدہ کام شروع کیا جا رہا ہے جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں سائنسی بنیادوں پر بہتری لائی جا سکے گی۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے مزید کہا ہے کہ تحصیل، ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سپورٹس افسران سمیت کوچنگ سٹاف کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا جائے گا، گورنمنٹ سکولوں میں روزانہ ایک گھنٹے کی جسمانی سرگرمی کے مؤثر نفاذ کے لیے پی ای اساتذہ کی تربیت کی جائے گی اور اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کیے جائیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب زمین، انفراسٹرکچر اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ایتھلیٹس، کوچز، ڈیٹا اور سپورٹس مقامات تک رسائی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت میدانوں کو آباد کیا جا رہا ہے، ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
تقریب میں سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ، ڈاکٹر محمد افتخار اعوان، ڈاکٹر معظم تنویر، ڈاکٹر صفدر بلوچ اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے عہدیداران بھی موجود تھے۔