لایئو: ایران پر امریکا اور اسرائیل کامشترکہ حملہ،تہران پر میزائل داغ دیے،30 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، جس میں ایرانی صدر اور انٹیلیجنس ہیڈ کوارٹر بھی شامل

امریکی اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کویت، امارات، قطر اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ

نمائندگان نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹس

تہران ، ریاض ، دبئی ، ابوظہبی :ایران پر امریکہ اور اسرائیل نے مل کر حملہ کر دیا ہے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے ہوئے۔

ان حملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔ خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل داغے جا رہے ہیں۔

ایران نے خلیجی خطے میں امریکی ائربیسزکونشانہ بنایاہے۔فارس (Fars) نیوز ایجنسی کے مطابق العدید ایئر بیس، قطر،السالم ایئر بیس کویت،الظفرہ ایئر بیس، متحدہ عرب امارات،بحرین میں امریکہ کے پانچواں بحری بیڑے پر حملہ کیا گیاہے۔

خبر رساں ادارہ اے ایف پی سعودی شہر ریاض میں بھی دھماکوں کی اطلاع دے رہا ہے۔

دبئی اور ابوظہبی میں متعدد دھماکوں کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں۔یہ ابوظہبی پر ہونے والے اس سے پہلے حملے کے علاوہ ہے، جس کے بعد وہاں کی فضائی حدودپہلے ہی بند کر دی گئی ہے۔

بحرین کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے (ففتھ فلیٹ) کے ہیڈ کوارٹر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بحرین کے مطابق امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے صدر دفتر پر میزائل حملہ ہوا ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز پر بھیجے گئے ایک الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ’خطرے کے پیشِ نظر سائرن بجا دیے گئے ہیں۔‘
منامہ میں موجود اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے بھی سائرن بجنے کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے۔

اسی دوران اے ایف پی کے نمائندوں نے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے کے قریب بھی ہنگامی سائرن سنے جانے کی اطلاع دی ہے۔
ایک سرکاری اہلکار کے مطابق، قطری میزائل ڈیفنس سسٹم نے ایک ایرانی میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا ہے۔
ابوظبی کے رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے ہفتے کے روز اماراتی دارالحکومت میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں؛ یہ دھماکے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں اور ایران کی جوابی کارروائی کی دھمکی کے بعد سنے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر معمولی احتیاطی تدابیر کے طور پر ملک کی فضائی حدود کو عارضی اور جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *