رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت
ساہیوال:پاک فوج کی دشمن پر تاریخی فتح کے موقع پر ملک بھر کی طرح ساہیوال میں بھی یوم تشکر ایمانی جذبے سے منایا گیا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی کی گئی اور آپریشن بنیان المرصوص کے شہداء اور ارض وطن کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ساہیوال میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں دیگر تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ سب سے بڑی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔ کمشنرساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور ڈی پی او رانا طاہر رحمن اور سی ای او کارپوریشن شیخ اشفاق نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی۔ جس کے بعد جناح ہال میں یوم تشکر کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سول سوسائٹی، وکلاء برادری، اساتذہ، طلبہ و طالبات، صحافیوں اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو آئندہ بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔آرپی او محبوب رشید نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاک فوج کی بہادری اور جرت کی معترف ہوچکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ افواج پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان المرصوص پر پوری قوم آج یوم تشکر منارہی ہے اور یوم تشکر دشمن کے خلاف ہماری قومی وحدت، افواج پاکستان کے حوصلے اور عوامی یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے گھر میں گھس کر اسے منہ توڑ جواب دیا ہے۔بعدازاں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید ڈی پی او رانا طاہر رحمان صدر بار ایسوسییشن ملک سعید ضیاء اللہ شاہ بخاری شیخ اعجاز رضا اور دیگر کی قیادت میں ساہیوال آرٹس کونسل سے ڈی سی آفس چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اپنے وطن اور اپنی مسلح افواج کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرٹس کونسل سے ڈی سی آفس چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اپنے وطن اور اپنی مسلح افواج کے کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔