ڈاکٹر آصف طفیل کا صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور ویسٹ مینجمنٹ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور

کمشنر ساہیوال ڈویژن کی ڈان ٹی وی کی شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کی خبر چلنے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس بلوا کر ہدایات دیں

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور ویسٹ مینجمنٹ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جس کے لئے کنٹریکٹرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کو بھی مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ڈان ٹی وی یو کے نے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کی نشاندہی کی تھی جس پر کمشنر ساہیوال ڈاکٹر اصف طفیل نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اجلاس بلوا کر ہدایت کی ہے کہ ساہیوال شہر میں موجود کوڑے کے پرانے ڈھیر بھی ترجیح بنیادوں پر ہٹائے جائیں تاکہ صاف ساہیوال کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ وہ ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نئے پرفارمنس انڈیکیٹرز کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، سی ای او افتخار علی، اے ڈی سی فنانس رانا اورنگزیب، کمپنی سیکرٹری جاوید اقبال، جنرل مینجر مانیٹرنگ محمد آفتاب اور سینیئر مینجر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی شکایات کے فوری حل کو ترجیح دیں اور ساہیوال شہر میں پیدا ہونے والے 805 ٹن روزانہ کوڑے کو ہر صورت اٹھایا جائے۔ اجلاس میں سی ای او افتخار علی نے بتایا کہ حکومت نے کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کا نظام مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی پرفارمنس 3 انڈیکیٹرز ڈیجیٹل مانیٹرنگ، فیلڈ مانیٹرنگ اور شکایات کے حل سے لگائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی موثر مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ مانیٹرز کی تقرریاں جلد کر دی جائیں گی جس سے ویسٹ مینجمنٹ مانیٹرنگ میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *