رانا وحید بیورو چیف ڈان ٹی وی ، نوائے وقت
ساہیوال: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ ایران ٗامریکہ مذاکرات ختم نہیں ہوئے ڈیڈ لاک ضرور آیا ہے۔ سیز فائر جاری ہے۔ مذاکرات کسی وقت دوبار ہ بھی شروع ہو سکتے ہیں۔ امریکہ کا سابقہ کردار یہ بھی رہا ہے کہ مذاکرات کے دوران حملہ کردیتا ہے لیکن ابھی صورتحال مختلف ہے۔ امریکہ کو خرابی کی طرف اسرائیل لے جاتاہے اور اسرائیل کی کوشش ہے کہ جنگ بندی نہ ہو۔ ایران امریکہ کو ایک میز پر بٹھا نا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔بے شک سیز فائر 10روز کیلئے ہوا ہے۔ ایران امریکہ جنگ میں دنیا تباہی کے دہانے پر تھی اور دونوں کو پاکستان نے ایک میز پر بٹھا دیا جو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔صدر پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت میں وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل محمدعاصم منیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ان کی وجہ سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور پوری دنیا نے پاکستان کے اقدام کو سراہا ہے۔ساہیوال میں یو ای ٹی کے کیمپس کے بارے میں بھی مطالبہ کیا گیا جس کے بارے میں انہوں نے اس کی رپورٹ طلب کی وہ یہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر محمد ذکی چوہدری کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مملکت مہر غلام فرید کاٹھیا،چوہدری شفقت جاوید،چوہدری سرمد شفقت،ضلعی جنرل سیکرٹری ندیم خالد، ملک عاشق حسین، محمد سلیم بھٹی ،فاروق باجوہ عامر، عامر چوہان اور حیدر بھٹی سمیت دیگر مقامی قائدین و کارکنان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران امریکہ کو ایک میز پر لانے میں کامیاب ہواہے جس کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہواہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جہاں پر صدرپاکستان آصف علی زرداری کی ضرورت ہو گی وہ بھی آئیں گے۔ گورنر کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے یہ سیٹ مستقل نہیں ہوتی۔اللہ اوررسول کے بعد آصف علی زرداری نے مدد کی اور میں اس سیٹ تک پہنچا جب تک نصیب میں ہے یہ رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھول رکھے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی انتخابی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ اب میں جہاں بھی جاؤں پیپلزپارٹی کے ورکرز کافی تعداد میں نظر آتے ہیں۔ ورکرز چارج ہوئے ہیں۔ اب ضرورت ہے لیڈ کرنے والوں کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بی زیڈ یو کے تحت زیر تعلیم بی ایس کے طلباء وطالبات کا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ یونیورسٹیز میں پیپر بننے اوروہیں چیک ہونے کا نظام درست نہیں، اسے تبدیل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال کے صحافیوں کیلئے کالونی پر پیش رفت کیلئے متعلقہ حکام سے بات کرینگے۔اس سے قبل گورنر پنجاب وفاقی وزیر پیر عمران شاہ کی والدہ کے اصال ثواب کے لیے ان کے گھر گئے،