رانا وحید بیورو چیف ڈان ٹی وی ،نوائے وقت لندن
ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کھیلوں سے ان کی مناسب ذہنی و جسمانی نشوونما ممکن ہو سکے۔ تائیکوانڈو سے نوجوان نہ صرف ہر قسم کے ذہنی دباؤ کا سامنا کرنے کے قابل ہوتے ہیں بلکہ یہ کھیل سیلف ڈیفنس میں بھی بڑی کارآمد ہے۔ انہوں نے یہ بات تین روزہ پنجاب تائیکوانڈو چیمپین شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں پنجاب بھر سے 160 بچوں اور بچیوں نے شرکت کی ۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی اور ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر اظہار الحق سمیت کھیل سے وابستہ آفیشلز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پچھلے دو سالوں میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی ہے جس سے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مواقع میسر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کھیل کے فروغ میں پنجاب تائیکواونڈو ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا ڈویژنل انتظامیہ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں میں تائیکو وانڈو کی دلچسپی پیدا کرنے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر اظہار الحق نے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کو ایسوسی ایشن کا پیٹرن انچیف مقرر ہونے پر روایتی پگ بھی پہنائی۔