راناوحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
راولپنڈی : پیکٹا اسلام آباد میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور PMIU
کے تعاون سے ضلع راولپنڈی میں بچوں کے تحفظ، صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور سکولوں میں محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد تعلیمی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں حساس نوعیت کے معاملات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔
ورکشاپ میں ضلع راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی جناب محمد یسین خان صاحب تھے۔ انہوں نے پی ایم آئی یو کی ٹیم کو یقین دلایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی اس اہم کام میں ان کے شانہ بشانہ ہوگی
ڈاکٹر نویدہ نورین جینڈر سپیشلسٹ، رانا ظفر اقبال منیجر فیلڈ امپلیمنٹیشن اور ڈاکٹر اصغر عباس ٹیچنگ اینڈ لرننگ کنسلٹنٹ نے شرکاء کو بچوں کے تحفظ (Child Protection)، چائلڈ سیفٹی پالیسی، اور صنفی بنیاد پر تشدد (GBV) سے متعلق جامع تربیت فراہم کی ۔
ماہرین نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے محفوظ، باوقار اور دوستانہ ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں چائلڈ سیفٹی سے متعلق ضابطہ اخلاق، رپورٹنگ میکنزم، اور شکایات کے ازالے کے مؤثر نظام پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
ورکشاپ کے دوران درج ذیل اہم نکات پر خصوصی توجہ دی گئی:
سکولوں میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات
صنفی حساسیت (Gender Sensitivity) اور اساتذہ کا کردار
ہراسگی، تشدد اور استحصال کی بروقت نشاندہی اور رپورٹنگ
طلباء کے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی تشکیل
چیف ایگزیکٹو افیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع راولپنڈی محمد یاسین خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز نہ صرف افسران اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ انہیں جدید تقاضوں کے مطابق فیصلے کرنے اور طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع راولپنڈی کے تمام سرکاری سکولوں میں چائلڈ سیفٹی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد PMIU کے پروگرام GARADES کے تحت ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور سکولوں میں ایسے نظام کو فروغ دینا ہے جہاں بچوں کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد، ہراسگی یا امتیازی سلوک کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم ضلع راولپنڈی طلباء کو ایک محفوظ، پرامن اور خوشگوار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا تاکہ طلباء بلا خوف و خطر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔