بھارتی دارالحکومت کے نواح میں ایک جعلی تھانے کا انکشاف

بھارت میں اس سے پہلے جعلی سفارت خانے، عدالت اور ٹول پلازہ وغیرہ کے پردے فاش ہو چکے ہیں

محمد ابرار نوائے وقت، ڈان ٹی وی رپورٹ

نئی دہلی :بھارت کے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے نواح، نوئیڈا میں پولیس نے ایک جعلی تھانے کا پردہ فاش کر دیا۔ پچھلے ماہ دہلی سے ملحق غازی آباد میں ایک جعلی سفارت خانے کا بھی پتہ چلا تھا جو دس سالوں سے کام کر رہا تھا۔

گوتم بدھ نگر، نوئیڈا، کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس شکتی موہن اوستھی نے بتایا کہ پولیس نے منظم دھوکہ دہی کی ایک کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے نوئیڈا سیکٹر 70 میں ’انٹرنیشنل پولیس اینڈ کرائم انویسٹی گیشن بیورو‘ کے نام سے ایک جعلی دفتر قائم کیا تھا، جہاں پولیس جیسے نشان اور جعلی وزارتوں کے کاغذات استعمال کر کے عوام کو دھوکہ دینے اور پیسہ بٹورنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور وسیع شواہد قبضے میں لیے گئے، جن میں جعلی شناختی کارڈز، وزارتوں کے سرٹیفیکیٹس، چیک بکس، اے ٹی ایم کارڈز، وزٹنگ کارڈز، سائن بورڈز، موبائل فونز، اور 42,300 روپے نقد شامل ہیں۔

تمام چھ ملزمان کو جوڈیشل حراست میں بھیج دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *