رکنِ برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین، لارڈ میئر بریڈفورڈ کونسلر محمد شفیق، قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی، ڈپٹی قونصل جنرل سرفراز احمد اوردیگر کی شرکت
ادیب مشتاق
بریڈفورڈ: معرکۂ حق کی تقریب، ممتاز شخصیات کی شرکت، چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن سید قمر رضا کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ تقریب کی میزبانی پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکریٹری زاہد مغل (تمغہ امتیاز) نے کی۔
تفصیلات کے مطابق
اوورسیز پاکستانی پاکستان کی معرکہ حق میں شاندار کامیابی کو ابھی تک منا رہے ہیں اس سلسلے میں ستارہ امتیاز و پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکرٹری زاہد مغل نے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔اس تقریب میں رکنِ برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین، لارڈ میئر بریڈفورڈ کونسلر محمد شفیق، قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی، ڈپٹی قونصل جنرل سرفراز احمد اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات شریک ہوئیں۔
سید قمر رضا اور زاہد مغل نے خطاب میں 1965ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے آج پاکستان باوقار ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا وعدہ کیا۔
عمران حسین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلق مضبوط رکھنا اور مسئلہ کشمیر کے لیے آواز بلند کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ لارڈ میئر محمد شفیق نے کہا کہ بریڈفورڈ کے لوگ پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور ثقافت کو نمایاں کرنے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب میں نمایاں شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے اور پروگرام کا اختتام وطن کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا پر ہوا۔