برطانیہ میں مساجد کی حفاظت کے لیے حکومت کا بڑا اقدام: 10 ملین پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ کا اعلان، مسلمانوں کے دل جیت لیے

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمراور وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے اُس مسجد کا دورہ کیا جہاں حملہ کیا گیا تھا

سٹاف رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

برطانیہ میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا واقعات اور مساجد پر حملوں کی روک تھام کے لیے حکومت نے تاریخی قدم اُٹھالیا جسے سراہا جا رہا ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے مساجد پر نفرت انگیز حملوں میں اضافے کے بعد ان کی حفاظت کے لیے 10 ملین پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان برطانوی وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ شبانہ محمود کے ہمراہ مشرقی سسیکس کی ایک مسجد کے دورے کے موقع پر کیا۔

خیال رہے کہ یہ وہی مسجد جہاں رواں ماہ کے آغاز میں ایک گاڑی کو مسجد کے دروازے کے قریب آگ لگا دی گئی تھی۔

کیئر اسٹارمر نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ کو اپنی رواداری اور یکجہتی پر فخر ہے۔ کسی بھی کمیونٹی پر حملہ دراصل ہماری مشترکہ اقدار پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انھوں نے واضح کیا کہ مساجد کی حفاظت کے لیے مختص فنڈنگ کا مقصد صرف مالی مدد نہیں بلکہ مسلمانوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ وہ برطانوی معاشرے کا محفوظ اور محترم حصہ ہیں۔

وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے بھی اعلان کیا کہ حکومت مساجد کی نگرانی، سیکیورٹی کیمروں، داخلی راستوں اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط کرے گی۔

انھوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسجد پر حملہ خوفناک جرم تھا جس کے تباہ کن نتائج نکل سکتے تھے لیکن بروقت بچالیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *