تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا ہے، ہر ایک نے تعاون کیا ہے لہٰذا کچھ اچھا ہونے والا ہے، امریکی صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو
انٹرنیشنل رپورٹرنوائے وقت،ڈان ٹی وی رپورٹ
واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کی میزبانی کرتے ہوئے غزہ کے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے متنازع منصوبے میں پیش رفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اطراف کے تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا ہے، ہر ایک نے تعاون کیا ہے لہٰذا کچھ اچھا ہونے والا ہے، ٹرمپ نے مناسب وقت پر ایران پر سے پابندیاں اٹھانے عندیہ بھی دے دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی اور اسرائیلی حکام کے درمیان عشائیے کی ابتدا میں بینجمن نیتن یاہو نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا اور اسرائیل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دینا چاہتے ہیں، ان کا اشارہ اس امکان کی طرف تھا کہ غزہ کے رہائشیوں کو ہمسایہ ممالک میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ’اگر لوگ یہاں رہنا چاہتے ہیں تو رہ سکتے ہیں، لیکن اگر وہ جانا چاہیں تو انہیں جانے کی اجازت ہونی چاہیے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم امریکا کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں تاکہ ایسے ممالک تلاش کیے جا سکیں جو فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دینے کی بات ہمیشہ کرتے رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ ہم کئی ایسے ممالک کے قریب پہنچ چکے ہیں‘۔
ابتدائی طور پر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ان بیانات پر خاموشی اختیار کی، لیکن بعد میں کہا کہ اردگرد کے ممالک تعاون کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہاکہ ’ہمیں اطراف کے تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا ہے، ہر ایک نے تعاون کیا ہے لہٰذا کچھ اچھا ہونے والا ہے‘۔