رانا وحید/ زین طاہر چوہدری/ علمدار حسین زیدی ، نوائے وقت
ساہیوال:میٹرنٹی ہسپتال میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، سینکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ فری میڈیکل کیمپ ایڈمنسٹریٹر سلور جوبلی میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال /ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل کی ہدایت پر لگایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سلور جوبلی میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ایک نجی فارماسیوٹیکل کمپنی کے اشتراک سے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ میڈیکل کیمپ میں تمام اقسام کی اوپی ڈی سروسز مفت فراہم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر عامر عزیز، ڈاکٹر عائزہ ضرار، ڈاکٹر محمد عیش ناز توصیف، ڈاکٹر محمد اسد نواز، ڈاکٹر معسود بن سعید گریوال، ڈاکٹر حافظہ نگہت پروین، ڈاکٹر سمیرا ارشاد، ڈاکٹر صوبیہ گل، ڈاکٹر آسیہ فرقانی، ڈاکٹر صوبیہ فاروق اور ڈاکٹر مہران صابر نے مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا۔جہاں مفت ادویات کی فراہمی کے علاوہ مفت الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی موجود تھی۔ کیمپ میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے کہا کہ ایسے کیمپ مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ غریب لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میڈیکل کیمپ سے نہ صرف مریضوں کو فوری علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔