امان اللہ رؤف بلوچ پاکستانی ٹیم کے ہمراہ اوسلو پہنچا، چیمپئن شپ میں شرکت سے قبل ہی ٹیم سے علیحدہ ہو کر مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے رابطہ بھی منقطع کر لیا
فرحان اختر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
اوسلو:پاکستانی فٹبالر ناروے کپ کے دوران اوسلو سے غائب ہوگیا ہے، مسلم ہینڈز کے فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ پہلے روز ہی روز لاپتا ہوگئے تھے۔
ناروے کپ اسٹریٹ فٹبال چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے جانے والا فٹ بالر اوسلو میں غائب ہوگیا، اسلام اباد کی اسٹریٹ چلڈرن ٹیم میں شامل فٹبالر امان اللہ روف بلوچ ناروے پہنچتے ہی پہلے روز غائب ہوگیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے امان اللہ بلوچ کے غائب ہونے کی اطلاع مقامی پولیس کو دے دی گئی ہے، مزید برآں ناروے پاکستانی سفارت خانے کو بھی تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے متعلقہ ذمہ دار حکام کو بھی تمام تر تفصیلات فراہم کر دی گئیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غائب ہونے والے فٹبالر نے انڈر 15 بوائز ایونٹ میں شرکت ہی نہیں کی، دنیا بھر میں فلاحی مقاصد کے لیے معروف تنظیم مسلم ہینڈز کے تحت اسٹریٹ چلڈرن ٹیم نے ایونٹ میں شرکت کی تھی، گزشتہ برس امان اللہ نے ناروے کپ میں مقامی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ناروے کپ میں پاکستان سے تین ٹیموں نے شرکت کی جبکہ سندھ حکومت سے ایک کروڑ 84 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ حاصل کرنے والی ٹیم ایونٹ میں شریک ہونے سے قاصر رہی تھی۔
لیاری کے بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال کلب نے ناروے کپ 2025 کا بوائز انڈر15 ٹائٹل جیتا، بیٹر فیوچر کلب کی گرلز ٹیم نے انڈر 14 ایونٹ میں اے لیول تک مقابلہ کیا، اسٹریٹ چلڈرن ٹیم اسلام آباد نے بوائز انڈر 17 کا پری کوارٹر فائنل کھیلا۔
ناروے کپ میں 30 ممالک کی 2 ہزار سے زائد ٹیموں نے 90 میدانوں میں ہونے والے مختلف ایج گروپس کے ایونٹس میں شرکت کی۔ ناروے کے بچوں اور نوجوانوں کی بہبود کے لیے سرکرداں 100 سے زائد تنظیموں کی انجمن نیشنل کونسل آف نارویجن چلڈرن اینڈ یوتھ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے ٹیمیں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کرتی ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ کراچی سے دوسری ٹیم لیاری فٹبال اکیڈمی سندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 83 لاکھ روپے کی امداد ملنے کے باجود تاخیر کے سبب ناروے کپ میں شریک نہ ہو سکی تھی۔
ناروے کپ اسٹریٹ فٹبال چیمپئن شپ میں شریک پاکستانی فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ پاکستانی ٹیم کے ہمراہ اوسلو پہنچا، اسٹریٹ فٹبالر چیمپئن شپ میں شرکت سے قبل ہی ٹیم سے علیحدہ ہوگیا اور ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے رابطہ بھی منقطع کر لیا۔
مسلم ہینڈز کے فٹبالر کا پاسپورٹ بھی اس کے پاس موجود ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے امان اللہ رؤف بلوچ سےرابطہ کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر کامیابی نہ مل سکی۔
قبل ازیں، گزشتہ ماہ جرمنی میں ہونے والی ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں پنجاب یونیورسٹی کے 2 طالب علم شازل احمد اور ندیم علی کھیلوں کے ایونٹ کے دوران غائب ہو گئے تھے۔