ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اکتوبر کے پہلے ہفتے سے آپریشنل ہوگا

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ڈان ٹی وی

ساہیوال :ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اکتوبر کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا۔انسٹیٹیوٹ سے ساہیوال ڈویژن اور ارد گرد کے ہارٹ کے سینکڑوں مریضوں کو بروقت طبی سہولیات دستیاب ہوں گی اور قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔ انسٹیٹیوٹ میں دل کے امراض کی تمام بیماریوں کے علاج کی جدید مشینری نصب کی گئی ہے جبکہ تربیت یافتہ طبی عملہ بھی تعینات کیا جا چکاہے۔ توقع ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اکتوبر کے پہلے ہفتے اس جدید انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کریں گی۔ انسٹیٹیوٹ کو فعال کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہسپتال کو مکمل فنکشنل کرنے اور ادویات کی دستیابی کے لیے روڈ میپ تیار کریں تاکہ علاج معالجے میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس آئی سی ڈاکٹر عمران وحید، ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ہداللہ اور ایم ایس ڈاکٹر الیاس انجم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ایس الیاس انجم نے بتایا گیا کہ ہسپتال کے لیے 255 منظور شدہ سٹاف میں سے صرف 85 تعینات ہے جب کہ محکمے کی طرف سے مزید 281 اسامیوں کی منظوری دی جا رہی ہے۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف حصے دیکھے اور جدید طبی مشینری کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ ہسپتال کا داخلی راستہ کشادہ، خوبصورت اور متاثر کن ہونا چاہیے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ایک خوشگوار احساس ہو۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے عوام کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو صحت کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں دو جدید اپریشن تھیٹر بھی مہیا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد لاگت کی جدید مشینری بھی منگوائی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *