رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت
ساہیوال:عیدالاضحیٰ کے موقع پر ساہیوال پولیس کی جانب سے شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جن کی بدولت تمام عید اجتماعات پُرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان کی ہدایت پر ضلع بھر کی عید گاہوں، مرکزی مساجد اور کھلے مقامات پر پولیس اہلکار تعینات رہے۔ سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل جاری رکھا گیا جبکہ مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر رکھی گئی۔
ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان نے کہا کہ عید کے موقع پر پولیس افسران اور جوان الرٹ رہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فیلڈ میں موجود رہے۔ سیکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ساہیوال پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور پولیس نے اس مقدس دن پر بھی اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیا۔
شہریوں نے ساہیوال پولیس کے سیکیورٹی اقدامات کو سراہا اور پُرامن ماحول میں عبادات کی ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کیا