لاہور،کراچی،پشاور سمیت ملک بھر میں عاشورہ کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات،ملک بھر میں 4 ہزار 836 جلوس نکالے جارہے ہیں

سٹاف رپورٹرز، نمائندگان نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

لاہور،کراچی،پشاور :پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس دوران عزادارن حضرت امام حسین کی عظیم اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، ملک بھر میں یوم عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عاشورہ کے جلوس ملک بھر میں اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔

کراچی میں مجلسِ عزا کے بعد نشتر پارک سے یوم عاشور کا جلوس برآمد ہوگیا ہے، عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، شرکا نے تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کی ہے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر میں ختم ہوگا۔

کراچی میں جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ڈی جی رینجرز سندھ نے کنٹرول روم کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

لاہور میں نثارحویلی سے جلوس برآمد

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے، جلوس چوک نواب صاحب سے گزر کر منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

تاریخی نثار حویلی سے نکلنے والے عاشورہ کے جلوس میں شامل عزادار ماتم داری اور نوحہ خوانی سے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھ شہدا کو پرسہ دے رہے ہیں، شرکا نے امام حسین اور ان کے رفقا کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جلوس کے شرکا نے چوک رنگ محل پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس اپنے روایتی راستوں چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھا تحصیل بازار ، بازارحکیماں، بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

راولپنڈی، پشاور میں بھی جلوس برآمد راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس 10 بجے امام بارگاہ عاشق حسین سے بر آمد ہوا، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے علامہ حسین نے تبرکات کی زیارت کے بعد جلوس برآمد کروایا۔

پشاور میں یوم عاشور کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، یوم عاشور کے سلسلے میں ایک درجن سے زائد امام بارگاہوں سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے،
یوم عاشور کا پہلا جلوس 11 بجے کوچی بازار امام بارگاہ اغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا تھا۔

روالپنڈی کا مرکزی جلوس کمیٹی چوک سے گزرتا ہوا فوارہ چوک پر پہنچا، عزاداروں کی طرف سے فوارہ چوک پر نماز ظہرین کی ادائیگی کی گئی، فوارہ چوک پر مقررین نے خطاب کیا۔

ملک بھر میں 4 ہزار 836 جلوس نکالے جارہے ہیں

یوم عاشور پر ملک بھر 4 ہزار 836 جلوس نکالے جا رہے ہیں، یوم عاشور پر ملک بھر میں 5 ہزار 480 مجالس ہوں گی، یوم عاشور پر ایک ہزار 301 علاقے انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *