بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
پشاور:صوبائی وزیر سماجی بہبود خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ کی عوامی خدمت سے وابستگی کی ایک اور عملی مثال اُس وقت سامنے آئی جب ایک معذور شخص ان سے ملنے ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر پشاور پہنچا۔ مذکورہ شخص مکمل طور پر چلنے پھرنے اور بیٹھنے سے قاصر تھا۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے صوبائی وزیر خود عمارت سے باہر آئے اور نہایت محبت و خلوص کے ساتھ معذور فرد کے مسائل سنے۔سید قاسم علی شاہ نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے تاکہ معذور شہری کے تمام مسائل حل کیے جائیں اور اسے درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا:”میرے دروازے ہر ضرورت مند کے لیے کھلے ہیں، خصوصاً ان افراد کے لیے جنہیں معاشرے میں سہارا اور تعاون کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ معذور افراد کو باوقار زندگی دینا ہماری دینی، اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے۔”سید قاسم علی شاہ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں معذور افراد، یتیم بچوں، بزرگ شہریوں اور نادار طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ سماجی بہبود عوام کی دہلیز تک خدمات پہنچانے کے ویژن پر گامزن ہے اور یہ سلسلہ مزید وسعت اختیار کرے گا۔