ساجد جنجوعہ نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
کوٹلی /آزاد کشمیر: کوٹلی میں مزدور اپنے گدھوں کو لے کر سڑک پر نکل آئے اور انتظامیہ کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا
کوٹلی شہر کے نواح میں دریائے پونچھ کے کنارے سے ریت نکالنے والے ان مزدوروں نے اپنے بار بردار جانوروں کے ساتھ ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے جلوس نکالا اور ’ظلم و ستم ہائے ہائے‘ نعرے لگائے۔
احتجاج میں شامل ایک مزدور نے کہا کہ ’ہمارے 9 آدمی رات کو گرفتار کیے گئے ہیں جن کا کوئی قصور نہیں ہے۔ ہم کہاں جائیں۔ ہمارا روزگار چھینا جا رہا ہے۔ ہم ڈاکہ ماریں یا کیا کریں، ڈاکہ ماریں تو بھی جیل جائیں گے۔ اب ہم بال بچوں کے ساتھ احتجاج کرنے آئیں گے۔‘
ایک اور مزدور کا کہنا تھا کہ ’کچھ افراد جو پہلے ہمارے ساتھ دریا کے کنارے سے ریت نکالتے تھے، اب انہوں نے گاڑیاں اور ٹرالیاں خرید لی ہیں اور وہ ہمیں گدھوں کے ذریعے ریت نکالنے سے روک رہے ہیں۔ ہم کئی دہائیوں سے یہ کام کر رہے ہیں۔ اب ٹرالیوں کو براہ راست دریا تک لے جانے سے ہمارا روزگار ختم کیا جا رہا ہے۔‘