بااثر افراد نے سرکاری املاک پر غیرقانونی طور پر مکانات تعمیر کر رکھے تھے، 1 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرا لی
رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال؛ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر کی سربراہی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چک 85 6 آر میں سرکاری زمین پر تعمیر کی گئی متعدد غیر قانونی رہائشی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ مذکورہ چک میں کچھ بااثر افراد نے سرکاری املاک پر غیرقانونی طور پر مکانات تعمیر کر رکھے تھے، جس کی نشاندہی پر پیرا فورس نے موقع پر پہنچ کر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران مشینری کی مدد سے تمام ناجائز تعمیرات کو گرا دیا گیا اور تقریباً 1 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے اس کارروائی کو ضلعی حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک عوام کی امانت ہیں، اور ان پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔