گلگت بلتستان: عالم دین پر حملے کےخلاف اہلسنت والجماعت کی شٹر ڈاؤن ہڑتال،حکومت نے دفعہ 144 نافذ کر دی، عوامی اجتماعات پر پابندی عائد

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنا، پبلک چوک روڈ بند کردی گئی، وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر کی زخمی عالم دین قاضی نثار کی عیادت

سٹاف رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

گلگت بلتستان: اہلِسنت والجماعت کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، حکومت نے ممکنہ ناخوشگوار صورت حال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی۔

گلگت میں معروف عالم دین قاضی نثار احمد پر حملے کے خلاف اہلِسنت والجماعت کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، وزیر اعلیٰ ہاؤس گلگت کے قریب احتجاجی دھرنا دیا گیا ہے، جب کہ پبلک چوک روڈ مظاہرین کی جانب سے بند کر دی گئی ہے۔

مظاہرین نے پبلک چوک گلگت کو بند کر دیا ہے، جس کے باعث شاہراہ قائدِ اعظم پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔

مولانا قاضی نثار پر حالیہ حملے کے بعد گلگت ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

اس حکم نامے کے تحت تمام عوامی اجتماعات، ریلیاں، جلوس اور مظاہرے ممنوع قرار دیے گئے ہیں، اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش کرنے، بشمول ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، سوائے اُن قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے جو سرکاری ڈیوٹی پر ہوں۔

اسی طرح موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی لگائی گئی ہے تاہم خواتین، بچے، بزرگ افراد اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو اس سے استثنیٰ ہوگا، عوامی سڑکوں کی بندش یا عام زندگی میں خلل ڈالنے والی کسی بھی کارروائی کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *