ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم کی زیر صدارت منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کنوینر ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم کی زیر صدارت منٹگمری ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع بھر کے ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً ’’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام‘‘ کے تحت مجوزہ سکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود ،ممبران صوبائی اسمبلی سید ولایت شاہ کھگہ، محمد ارشد ملک، رانا ریاض احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا اورنگزیب، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے رورل لنک روڈ پروگرام کے تحت صوبائی حلقوں کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز پر غور کیا تا کہ تمام مجوزہ سکیموں کو جلد از جلد فائنل کر کے عوامی فلاح کے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد ممکن ہو سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ’’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام‘‘ کا مقصد دیہی علاقوں میں آمدورفت کو آسان بنانا اور مقامی معیشت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ سکیموں کے معیار اور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ترقیاتی کام عوامی توقعات کے مطابق مکمل ہوں۔کنوینر ملک قاسم ندیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور فیلڈ سطح پر عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منتخب نمائندے حکومت کے ترقیاتی وژن کی تکمیل میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ضلع ساہیوال میں ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *