رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال:وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے خوبصورت پنجاب وژن کے تحت ساہیوال ڈویژن کے تمام بڑے شہروں اور قصبات کو خوبصورت بنانے کے لیے جامع منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے جسے مارچ 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت ڈویژن بھر میں 25 ترقیاتی سکیمیں تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں جن میں 11 ضلع اوکاڑہ، 9 ضلع ساہیوال اور 4 ضلع پاک پتن میں ہیں۔ ان منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس کمشنر افس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا اور ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی ٹائم لائن مقرر کی جائے اور ان پر سختی سے عمل درامد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم منصوبوں کی جلد تکمیل سے شہروں کی آؤٹ لک میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس لیے ڈپٹی کمشنرز ان پر کام کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے عوام دوست منصوبے اوول سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اوول سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے سے شہریوں کے لیے تفریح، کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ مواقع ملیں گے۔