بہتر شہری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ،کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس کے لیے تمام متعلقہ محکمے بھرپور محنت اور موثر حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہروں اور دیہات میں صفائی کے معیار کو یکساں رکھا جائے اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پنجاب حکومت کے مقررہ پرفارمنس انڈیکیٹرز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، آصف رضا اور احمد عثمان کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سیف اللہ بھٹی نے شرکت کی-کمشنر نے واضح کیا کہ بازاروں میں تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور پیرا فورس کی موجودگی بازاروں میں نمایاں نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مانیٹرز کے ذریعے صفائی کی صورتحال بہتر اور موثر بنائی جائے۔ڈاکٹر آصف طفیل نے اضلاع کو ہدایت کی کہ آوارہ کتوں سے متعلق شہریوں کی طرف سے بروقت اطلاع کے لیے پارکوں اور عوامی مقامات کے باہر نمایاں بورڈز آویزاں کیے جائیں جن پر متعلقہ انچارج کا رابطہ نمبر درج ہو۔ انہوں نے سڑکوں کی لین مارکنگ، پیچ ورک اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کمشنر نے یہ بھی حکم دیا کہ شہروں میں خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو تمام محکموں کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی سختی سے ہدایت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *