سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن: برطانوی ٹی وی چینل ڈان ٹی وی اور امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ایرانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور پیر کو پاکستان میں متوقع ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے اس شیڈول کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس میں اہم امور پر پیش رفت ہوئی تھی۔
امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کر رہے تھے، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد میں شامل تھے۔
اسلام آباد میں ہونے والے پہلے دور کے اختتام پر دونوں فریقین نے بعض امور پر اتفاق کیا تھا اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اور ملاقات پر رضامندی ظاہر کی تھی۔