انڈیا کے شہر احمد آباد سے لندن آنے والا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 242 افراد سوار تھے،’ 169 انڈین اور 53 برطانوی شہری تھے‘

نوائے وقت ابرار احمد

احمد آباد : جمعرات کو ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں سردار والا بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب لندن جانے والا ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل فیض احمد قدوائی نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 171 مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 38 منٹ پر ٹیک آف کرنے کے پانچ منٹ بعد میگھانی نگر نامی رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوئی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر طیارے میں 242 مسافر سوار تھے۔
حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔

ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کے نیوز چینلز نے رپورٹ کیا کہ ملک کے مغربی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، تاہم حادثے میں جانی نقصان کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔

ایئر انڈیا نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسافر طیارہ احمد آباد سے لندن جا رہا تھا جبکہ پولیس کے مطابق طیارہ شہری آبادی پر گرا ہے۔
مسافر طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں حادثے کی جگہ سے دھویں کے بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم ان ویڈیو فوٹیجز کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
ایک نیوز چینل پر دکھائی گئی ویڈیو میں طیارے کو اڑان بھرتے ہوئے رہائشی علاقے میں دیکھا جا رہا ہے اور پھر وہ اچانک منظر سے غائب ہوتا ہے جس کے بعد وہاں دھویں کے کثیف بادل آسمان کی جانب اُٹھتے نظر آتے ہیں۔
احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق مسافر طیارے نے مقامی وقت دن ایک بج کر 39 منٹ پر اُڑان بھری اور اس کے فوری بعد ہنگامی ’مے ڈے‘ کی کال موصول ہوئی جس کے ساتھ ہی اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
فلائٹ ریڈار24 کی ویب سائٹ نے بھی بتایا ہے کہ طیارے کے اُڑان بھرنے کے چند سیکنڈز بعد اس کے سگنلز آنا بند ہو گئے۔
ویب سائٹ کے مطابق گرنے والا طیارہ بوئنگ کا 787 ڈریم لائنر تھا۔ رابطہ کرنے پر بوئنگ کی جانب سے فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا۔
ٹیلی ویژن چینلز کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیک آف کر رہا تھا۔ ہوائی اڈے کے قریب ملبے کو آگ لگنے کے مناظر دکھائی دیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *