رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت + ڈان ٹی وی
ساہیوال:ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود کا پسپ منصوبے کے پروگرام ڈائریکٹر عمر جاوید کے ہمراہ سرکی بازار، غلہ منڈی، ڈسپنسری روڈ اور جی ٹی روڈ کا دورہ، ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے سیوریج مسائل کا جائزہ لیا اور انہیں فوری حل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، سی ای او ساہیوال واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی، سٹی مینجر محمد اسجد خان، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے جلوس کے روٹ کو کلیئر کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن اور پسپ حکام باہمی رابطہ میں رہیں۔ دورے کے دوران جی ٹی روڈ پر جاری سیوریج لائن بچھانے کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی محمد ارشد ملک نے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ بارشوں کے موسم میں عوام کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈسپنسری روڈ کے اطراف صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔