رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: قائم مقام کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے لیکن متعلقہ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی تعاون اور موثر کوآرڈینیشن سے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں صفائی اورسیوریج کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف افیسر کارپوریشن شیخ اشفاق سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی نے صفائی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں یونین کونسل سطح پر صفائی، ڈور ٹو ڈور کلیکشن، مشینری کی دستیابی اور روزانہ جمع ہونے والے ویسٹ کی مقدار جیسے نکات شامل تھے۔ کمشنر نے کہا کہ صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل نگرانی، شکایات کے فوری ازالے اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ جیسے پہلوؤں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن 1139 کو مکمل فعال کیا جائے اور شکایات کے اندراج اور ازالے کے لیے آن گراؤنڈ ٹیموں کو متحرک رکھا جائے۔ دریں اثناضلع بھر میں آوارہ کتوں اور ڈاگ بائٹ کیسز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیاجہاں انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اورضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت یونین کونسل کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دیکر آوارہ کتوں کا تدارک ہر صورت یقینی بنائیں۔