کمشنر ساہیوال شاہد محمود کا ترقی کیلئے خاندان چھوٹا رکھانے پر زور

رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت، ڈان ٹی وی

ساہیوال: کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ خاندان چھوٹا رکھا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ وہ ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خاں سمیت محکمہ صحت و بہبود آبادی کے افسران اور فیلڈ سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث عام شہری تک بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہو گئی ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام میں فیملی پلاننگ کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آبادی میں اضافے کی یہی شرح برقرار رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی دگنی ہو جائے گی جو کہ ملکی وسائل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خاں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد عوام میں وسائل کے مطابق خاندان کی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے پناہ اضافہ ایک لمحہ فکریہ ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر آگاہی واک بھی کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *