برسلز کے ایونٹ میں سینکڑوں لوگوں نے تصویر بنوائی، ایک صحافی نے ذاتی مفاد اور تشہیر حاصل کرنے کی کوشش کی، افسوس کہ سینئر صحافی ہو کر بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ذاتی مفاد اور تشہر کے لیے صحافی سہیل وڑائچ نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا، نو مئی کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا، آرمی چیف نے کسی صحافی کو انٹرویو نہیں دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل وڑائچ کے جس آرٹیکل کی بات ہو رہی ہے وہ برسلز کا ایک ایونٹ تھا اور وہاں سیکڑوں لوگوں نے تصاویربنوائی۔
انہوں نے کہا کہ برسلز کے ایونٹ میں پی ٹی آئی کا کوئی ذکر نہیں ہوا نہ ہی معافی کا ذکر ہوا، ذاتی مفاد اور تشہیرحاصل کرنے کی کوشش ہے، صحافی کی یہ حرکت نامناسب تھی نو مئی کے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قانون کے مطابق کٹہرے میں آنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میڈیا کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، افسوس ہے کہ سینئر صحافی نے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ معروف صحافی سہیل وڑائچ نے 16 اگست کو شائع ہونے والے اپنے کالم میں دعویٰ کیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برسلز میں ان کی ملاقات ہوئی ہے اور پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان سے متعلق سوال پر آرمی چیف نے کہا تھا کہ سیاسی مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے سے ممکن ہے۔