رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کی۔ سی ای او افتخار علی، سی ایف او جاوید اقبال، جنرل مینجر مانیٹرنگ محمد آفتاب، سینئر مینجر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، ایس ای پبلک ہیلتھ عاشق علی جاوید اور آزاد ممبران پیر احسان الحق ادریس، مسز شاد مسعود اور اسد خالد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او افتخار علی نے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح پر صفائی کے کام کی مانیٹرنگ کے لیے 140 فیلڈ مانیٹرز کی بھرتی کا عمل جاری ہے جو دو ہفتوں میں مکمل کر کے انہیں ذمہ داریاں تفویض کر دی جائیں گی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ فیلڈ میں درپیش مشکلات کو فوری حل کیا جا سکے۔ اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بہتر سروس ڈیلوری کے لئے نجی کنٹریکٹرز کے ساتھ ہوئے معاہدوں پر نظر ثانی کی منظوری ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کا ان پٹ بھی حاصل کیا جائے تاکہ بہتر معاہدے ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ساہیوال ڈویژن میں صفائی پر سالانہ 10 ارب روپے خرچ کر رہی ہے اس لئے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران نے چیف فنانشل آفیسر کی تقرری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عارضی طور پر یہ چارج کمپنی سیکرٹری جاوید اقبال کو دیے جانے میں دو ماہ کی توسیع کی بھی منظوری دی۔