جنگ کے بعد پہلا کرکٹ ٹاکرا: ایشیا کپ کا آغاز منگل سے ،دنیا کی نظریں پاک بھارت میچ پر،14 ستمبر کو دبئی میں ٹاکرا

ٹورنامنٹ کے دوران تین بار آمنے سامنے آنے کا امکان ، یو اے ای میں 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کا آغاز افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا

اظہر چوہدری نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

دبئی:ایشیا کپ منگل، 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے، جس کا سب سے بڑا مقابلہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ملکوں کی ٹیمیں مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد پہلی بار کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے آئیں گی۔

آٹھ ٹیموں کا یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو رہا ہے، جس کے دوران افغانستان ابوظبی میں کمزور حریف ہانگ کانگ سے کھیلے گا۔

اسی طرح روایتی حریف انڈیا اور پاکستان 14 ستمبر کو دبئی میں ٹکرائیں گے۔
دونوں ہمسایہ ممالک 2012 کے بعد سے کسی بھی فریق کی سرزمین پر دوطرفہ سیریز نہیں کھیلے اور صرف بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں غیر جانبدار گراؤنڈز پر ایک دوسرے کا سامنا کرتے رہے ہیں، جو ایک مصالحتی معاہدے کا حصہ ہے۔

کرکٹ کی یہ دو بڑی ایشیائی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں رکھی گئی ہیں اور امکان ہے کہ وہ 28 ستمبر کو ختم ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے دوران تین بار آمنے سامنے آئیں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے 5 فل ممبرز افغانستان، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے خودکار طور پر کوالیفائی کیا ہے۔

ان کے ساتھ ہانگ کانگ، عمان اور یو اے ای شامل ہیں، جنہوں نے اے سی سی مینز پریمیئر کپ میں ٹاپ 3 میں جگہ بنا کر اپنی نشستیں حاصل کیں۔

گروپ اے میں بھارت، پاکستان، میزبان یو اے ای اور عمان شامل ہیں۔

گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں، گروپ اسٹیج کے بعد سپر فور راؤنڈ کھیلا جائے گا اور پھر فائنل دبئی میں ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *