مظاہرین کی جانب سے گرفتاریاں روکنے کی کوشش کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں
سٹاف رپورٹرز نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن: فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے لندن میں احتجاج کیا اور پارلیمنٹ اسکوائر تک ریلی نکالی۔
مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کی جائے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے۔
سینکڑوں افراد نے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے فلسطین ایکشن کے حق میں احتجاج کیا۔ بعض مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ’میں نسل کشی کی مخالفت کرتا ہوں۔ میں فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں‘ کا نعرہ درج تھا۔
دارالحکومت کی میٹروپولیٹن پولیس نے پہلے ہی خبردار کیا کہ وہ کسی ایسے شخص کو گرفتار کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گی جو واضح طور پر اس کالعدم گروپ کی حمایت کرے گا۔
پولیس نے رات ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ’احتجاج کے سلسلے میں 425 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا۔ اکثر لوگوں کو کالعدم تنظیم کی حمایت کرنے پر کیا گیا۔‘
پولیس نے فلسطین ایکشن تنظیم کے کارکنوں سمیت کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ برطانیہ نے دو ماہ قبل اس تنظیم پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی لگائی تھی۔
برطانوی پولیس کے مطابق دارالحکومت لندن میں ہفتے کو فلسطین ایکشن گروپ کی حمایت میں کیے گئے مظاہرے سے 400 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جون 2025 میں فلسطینی حامی مہم گروہ ’فلسطین ایکشن‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد اس کی حمایت کو بھی جرم قرار دیا گیا تھا۔
برطانیہ کے انسداد دہشت گردی ایکٹ 2000 کے تحت اس فیصلے کے بعد تنظیم کی رکنیت یا حمایت کرنے پر 14 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔