تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر وکلا کے ہمراہ پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے،ممبران کو مختلف طریقے سے ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے
کورٹ رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
پشاور:نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نوائے وقت ، ڈان ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم رات سے ہی پشاور میں موجود ہے، بیرسٹر علی ظفر، نعیم حیدر پنجھوتا اور دیگر رہنما پشاور میں موجود ہیں نئے وزیر اعلی کا آج ہی پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا امکان ہے جب کہ تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر، سلمان اکرم راجا وکلا کے ہمراہ پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
ذرائع نے کہا کہ نو منتخب وزیر اعلی چیف جسٹس کو خط لکھیں گے، وہ ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے خط چیف جسٹس کو ارسال کریں گے، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی کو بھی حلف لینے کا حکم دے سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہماری لیگل ٹیم حلف کے حوالے سے پیٹیشن تیار کررہی ہے، گورنر کے پی اگر حلف لینے سے منع کرتے ہیں تو فوری طور پر پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر گورنر منع کریں گے تو چیف جسٹس سے حلف لینے کی درخواست کریں گے، ہم پیٹیشن تیار کر رہے ہیں اگر حلف لینے سے منع کیا جاتا ہے تو فورا پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ گورنر کے پی کے فیصل کریم آئینی ذمہ داری نبھائیں گے۔
جنید اکبر نے کہا کہ نو منتخب وزیراعلٰی سے حلف لینا گورنر کی آئینی ذمہ داری ہے، ہم پشاور ہائیکورٹ درخواست دینے آئے ہیں کہ نومنتخب وزیراعلٰی سے حلف لیا جائے، گورنر صوبے سے باہر ہیں، نومنتخب وزیراعلٰی سے حلف ضروری ہے، تمام ارکان اسمبلی متحد ہیں، ممبران کو مختلف طریقے سے ڈرایا دھمکایا جا رہا تھا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سہیل آفریدی وزیراعلٰی منتخب ہوچکے ہیں، وزیراعلٰی کے حلف میں منٹ کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہئے، گورنر صوبے سے باہر وزیراعلٰی کا حلف ضروری ہے،
ہم عدالت کو وزیراعلٰی کے حلف کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔