رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال :ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھرپور اقدامات میں مصروف عمل ہے۔ ضلعی سطح پر انتظامیہ،پیرا فورس ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے ہم آہنگی کے ساتھ اس ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے دن رات متحرک ہیں۔ پیرا فورس کے انچارج نعمان قیصر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود کی قیادت میں تمام افسران ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ دریائے راوی میں سیلابی کیفیت کے باعث ضلع ساہیوال کے 30 مواضعات متاثر ہوئے جن میں 19 موضع جات تحصیل ساہیوال اور 11 موضع جات تحصیل چیچہ وطنی میں واقع ہیں۔ اس قدرتی آفت سے 1999 افراد متاثر ہوئے جن کے فوری انخلاء اور تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 24 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے 6 خصوصی ریسکیو پوسٹس قائم کی گئی ہیں اور اب تک 1967 افراد اور 2646 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک ویٹرنری کیمپس میں 885 جانوروں کا علاج بھی کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کے مطابق سیلاب سے زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے اور اب تک 776 ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جن میں 570 ایکڑ تحصیل چیچہ وطنی اور 206 ایکڑ تحصیل ساہیوال میں شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں عوام کے بروقت انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے مساجد کے ذریعے اعلانات کروائے جا رہے ہیں جبکہ مقامی نمبرداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ معلومات کو جلد از جلد متاثرہ افراد تک پہنچایا جا سکے۔ ڈپٹی ضلعی انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔