رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ بلڈنگ ساہیوال کے زیر تعمیر منصوبوں بارے تفصیلی جائزہ اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ساہیوال میں 7 ارب 52 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے 37 منصوبے زیر تعمیر ہیں جن میں سے 17 جاری اور 20 نئے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ لی اور ان پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے محکموں کی طرف سے جاری منصوبوں پر کام کی نوعیت میں بار بار تبدیلی اور انہیں بڑھانے کے رجحان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کو اوریجنل سکوپ کے مطابق مکمل کرنے کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ساہیوال بورڈ کی زیر تعمیر عمارت کی تکمیل کے لئے مزید 5 کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے اگلے ماہ تک مکمل کیا جا سکے۔ اس منصوبے پر اب تک 20 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے 30 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے ایگری مال منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا جہاں کسانوں کو کھاد، بیج اور زرعی ادویات معیاری اور مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ ساہیوال میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے دیہی مرکز صحت 185/9ایل اور 30 کروڑ روپے سے 12 بنیادی مراکز صحت کی تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جاری ان منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ مسلسل مانیٹرنگ سے کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام ان سے تادیر فوائد حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نور شاہ میں 3 کروڑ 37 لاکھ روپے سے دیہی مرکز مال کی تعمیر بھی جاری ہے جبکہ 25 کروڑ روپے سے اینٹی ٹیررسٹ کمپلیکس اور 3 کروڑ 72 لاکھ روپے سے پیرول اینڈ پروبیش آفس کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال اور چیچہ وطنی میں پیرا آفسز کا تعمیراتی کام بھی جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔