محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام خصوصی افراد میں معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب ، ڈپٹی کمشنرشاہد محمود مہمان خصوصی

زین طاہر چوہدری، محمد ابرار، نوائے وقت

ساہیوال:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے معذور افراد کے لئے “زندگی آسان پروگرام” کے تحت ضلع ساہیوال میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام خصوصی افراد میں معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد۔مقامی صحافی مبشر شفیق چوہان کے مطابق تقریب میں ڈپٹی کمشنرشاہد محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاصمہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے معاون آلات کی فراہمی کا پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہمت کارڈاور معاون آلات کی فراہمی کے پروگرام کاآغاز کیا گیا۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال عاصمہ نورین نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈبیت المال وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت حق داروں کو انکا حق ان کی دہلیز تک پہنچا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس چوہان نے بتایا کہ پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال کے484معذور افراد کو معاون آلات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 37خصوصی افراد میں 28وہیل چیئرز، ایک واکنگ فریم، ایک رولیٹراور 7سفید چھڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی افراد کو معاون آلات کی فراہمی کے پروگرام کو ہر لحاظ سے صاف و شفاف بنایا جارہاہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *