عمران خان کو نیا عہدہ مل گیا،پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے

میں پارٹی چیئرمین رہوں گا، تاہم تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے،بیرسٹر گوہر خان

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان پارٹی کے پیٹرن انچیف بن گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی نے کہا ہے وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے چیئرمین شپ سے ہٹانے کی باتیں افواہیں پھیلانے والے لوگ کررہے ہیں، عمران خان پیٹرن چیف ہیں اور میں پارٹی چیئرمین رہوں گا، تاہم تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے، پارٹی کا چیئرمین نہ ہونے کی صورت میں سب کو پتا ہے نتائج کیا ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے سارے دروازے بند کردیے گئے ہیں، احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، اسلام آباد کی کال دینے کے بجائے پورے ملک میں احتجاج ہوگا جس کو خود لیڈ کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج کی ذمہ داری ہمیشہ علی امین گنڈا پور کو دی جاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، احتجاجی تحریک کے حوالے سے تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی اور مختلف لوگوں مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی نے احتجاج کا ابھی کوئی ٹائم فریم نہیں دیا وہ خود دیں گے جب کہ انہوں نے پارٹی لیڈر شپ پر کوئی عدم اعتماد نہیں کیا ہے، عمران خان کو معلوم ہے کہ لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *