حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا، رن ویز اور زیر زمین بنکرز کو بھی نقصان پہنچایا گیا، اسرائیلی فوج
انٹرنیشنل رپورٹرنوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ
تہران:ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اپنے گیارہویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے مغرب، مشرق اور وسطی حصوں میں واقع 6 ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ساتھ ہی کرمانشاہ کے علاقے میں ایرانی فوجی تنصیبات پر بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق فضائیہ اس وقت ایران کے مغرب میں واقع کرمانشاہ میں عسکری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ ایران کی فضائی حدود میں ایک ڈرون گرا ہے تاہم اس بات کی بھی وضاحت کی کہ معلومات کے افشاء کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے مغربی حصے میں ایران کی فضائی دفاعی نظام نے 4 ڈرون مار گرائے ہیں۔
اتوار کے روز ایرانی صوبے یزد میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے 10 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اس سے قبل ایران نے خرم آباد کی فضاؤں میں ایک اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایران کا کہنا تھا کہ مرکزی صوبے میں بھی ایک ڈرون کو نشانہ بنایا گیا، جس سے قریبی شہر “اراک” اور اس میں واقع جوہری ری ایکٹر کو لاحق خطرہ ٹل گیا۔
شمال مغربی شہر تبریز میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔