انٹرنیشنل رپورٹرنوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ
تہران:ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق بدھ کو ملک کے قانون سازوں نے اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
یہ فیصلہ 12 روزہ جنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اسرائیل اور امریکی فضائی حملوں میں ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
برطانیہ کے خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ’بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، جس نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی معمولی مذمت کرنے سے بھی انکار کیا، نے اپنی بین الاقوامی ساکھ نیلام کر دی۔‘
محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ’ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم آئی اے ای اے کے ساتھ اپنا تعاون اس وقت تک معطل رکھے گی جب تک جوہری تنصیبات کی حفاظت کی ضمانت نہیں دی جاتی۔‘
ایران کی نیوز ایجنسی نور نیوز کے مطابق پارلیمان سے منظوری کے بعد سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے اس قانون کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے۔
اسرائیل نے 13 جون کو متعدد ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد 22 جون کو امریکہ نے بھی تین ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔