کپل شرما کے کیفے پر دوسری بار فائرنگ،کیا سلمان خان کا واقعے سے تعلق ہے؟

فرحان اختر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

ٹورنٹو:کینیڈا میں بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر دوسری بار فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے پیچھے سلمان خان کے ساتھ تعلق کی وجہ سے تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز کینیڈا میں واقع بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ’کپس کیفے‘ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جو گزشتہ ماہ جولائی میں ہونے والے حملے کے بعد دوسرا حملہ ہے۔

کیفے پر نامعلوم حملہ آوروں نے ایک چلتی گاڑی سے 25 گولیاں چلائیں، خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن کھڑکیاں اور عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر ایک ہی مہینے میں دوسری بار حملہ ہوا، جس کی ذمہ داری لارنس بشنوی گروپ نے قبول کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے کے بعد لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن نے آڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کیفے کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ کپل شرما نے اپنے نیٹ فلکس شو میں سلمان خان کو مدعو کیا تھا۔

آڈیو پیغام میں دھمکی دی گئی کہ کیفے پر پہلی اور اب دوسری بار فائرنگ اس لیے کی گئی کیونکہ انہوں نے نیٹ فلکس شو میں سلمان خان کو کیفے کے افتتاح کے لیے مدعو کیا تھا۔

گینگ رکن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ہم ممبئی میں سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی سلمان خان کے ساتھ کام نہ کرے اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اسے بھی نشانہ بنایا جائے گا اور سیدھا اس کے سینے پر گولی ماری جائے گی۔

قبل ازیں سلمان خان نیٹ فلکس کے شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط میں بطور مہمان شریک ہوئے تھے، جہاں ان سے کیفے کے افتتاح کی بات کی گئی تھی اور گینگ کے رکن نے اسی واقعے کو وجہ بنا کر دھمکی دی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی مشہور شخصیت کو سلمان خان سے تعلق کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہو۔

گزشتہ سال پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں کے وینکوور میں واقع گھر کے باہر فائرنگ ہوئی تھی، جب انہوں نے سلمان خان کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو ریلیز کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *