اقوام متحدہ، ،پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل، لندن میڈیا کلب اور عالمی صحافتی تنظیموں کی غزہ کے اندر اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے پانچ صحافیوں کے قتل کی شدید مذمت
سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن:اقوام متحدہ اور پاکستان سمیت دیگر عالمی صحافتی تنظیموں نے غزہ پراسرائیلی حملے میں چھ صحافیوں کو نشانہ بنا کر قتل کرنے کی مذمت کی ہے۔
لندن سے پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل اور لندن میڈیا کلب کے صدر ڈاکٹر اختر گلفام نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اسرائیلی فورسز نے میڈیا ورکرز کو نشانہ بنایا ہو، ماضی میں بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل کے صدر ڈاکٹر اختر گلفام اور سیکریٹری خادم حسین ناصر نے کہا کہ ’اسرائیلی حکومت کا احتساب سے بچ نکلنے کا رویہ اس کی فورسز کو معصوم شہریوں، بشمول ان صحافیوں کو نشانہ بنانے کی جرات دیتا ہے جو تنازعات والے علاقوں میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں۔‘
پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل اور لندن میڈیا کلب کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں 186 سے زائد صحافی اور میڈیا ورکرز جان سے جا چکے ہیں۔
پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل اور لندن میڈیا کلب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لے اور تل ابیب پر دباؤ ڈالے تاکہ شہریوں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کو نشانہ بنانا بند کیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ’اگر عالمی برادری نے صحافیوں کے قتل اور میڈیا دفاتر پر بمباری کے واقعات پر پہلے ہی کارروائی کی ہوتی تو ایسے سانحات روکے جا سکتے تھے۔‘
پاکستان برٹش ایڈیٹر کونسل اور لندن میڈیا کلب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی صحافتی برادری ان تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے جو زمین پر موجود رہ کر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر رپورٹنگ کر رہے ہیں۔